ملک بھر میں عیدالاضحی کے 3روز بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنیکا اعلان
لاہور(نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنیکا اعلان کیا ہے۔ صارفین کی بجلی کی ڈیمانڈ پوری کرنے کیلئے انڈسٹری کو 3روز بجلی مکمل منقطع ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت پاور کے احکامات کے تحت عید پر 3دن بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ گھریلو صارفین کی بجلی کی ڈیمانڈ کو پورا کرنے کیلئے انڈسٹری کو بجلی کی سپلائی نہیں ملے گی۔ گھریلو صارفین کی ڈیمانڈ ملک کی بجلی کی ڈیمانڈ کا 78فیصد کے قریب ہے۔22فیصد کے قریب بجلی انڈسٹری، کمرشل صارفین کو مہیا کی جاتی ہے۔ ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ 24ہزار میگاواٹ کے قریب ہے جبکہ نیشنل گرڈ سے صارفین کو اوسطاً 19ہزار میگاواٹ کے قریب بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ یوں بجلی کا خسارہ پورا کرنے کیلئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں بڑے شہروں میں بجلی کم جبکہ دیہات اور قصبوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرتی ہے۔