مسلم لیگ کی پیپلز پارٹی کی کسی ’’قابل قبول‘‘ شخصیت کو صدارتی امیدوار بنانے پر آمادگی
اسلام آباد ( محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے چوہدری اعتزاز احسن کی بجائے پیپلز پارٹی کے کسی بھی ’’قابل قبول‘‘ شخصیت کو صدارتی امیدوار بنانے پر آمادگی کا اظہار کر دیا ہے تاہم دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) چوہدری اعتزاز احسن کی کسی صورت حمایت نہیں کرے گی کیونکہ انہوں نے شریف خاندان کے بارے میں معاندانہ رویہ اختیار کئے رکھا۔ بیگم کلثوم نواز کے خلاف بیان بازی کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنا صدارتی امیدوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر کا نام ڈراپ کرنے کی پیشکش کی ہے۔ 25 اگست کو اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہورہا ہے جس میں متفقہ صدارتی امیدوار نامزد کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جگہ نیا چیئرمین سینیٹ لانے پر بھی غور کیا جائے گا۔