جذبہ خلیلی ؑ پیدا کرکے اسلام کے منافی ہر خواہش کی بیخ کنی ممکن ہے،میاں اسلم
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے عید الاضحی کے موقع پراپنے بیان میں کہا ہے کہ عید الاضحی بندگی نفس کو قربان کر کے حکم الہی بجا لانے کا نام ہے ،اس موقع پرجذبہ خلیلی ؑ پیدا کرکے اسلامی روح کے منافی ہر خواہش کی بیخ کنی ممکن ہے،انھوں نے کہاعید قربان تجدید عہد کا دن ہے کہ اللہ کے دین کی سر بلندی کے لیے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جا ئے گا ، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس دن جانوروں کی قر بانی کے ساتھ حضرت ابراہیم کے اسوہ حسنہ کی تائید اور تجدید کی جا ئے ۔میاں محمد اسلم نے کہا عیدلا اضحی عزیمت اور اخلاص اختیار کرنے کی دعوت دیتا ہے اور سال میں ایک بار مسلمان قربانی کی مادّی مشق کے ذریعے اپنی اس تربیت کا موقع حا صل کر تا ہے،جس میں جان ،مال ،گھر بار ، اولاد سمیت ہر منہ زور نفسانی خواہش کا امتحان ہوتا ہے اور اس امتحان میں فنا فی الاسلام کا جذبہ ہر قربانی کے لیئے انسان کو آمادہ رکھتا ہے۔انھوں نے کہا کارکنان جماعت اسلامی عید کے موقع پر اپنے اردگرد موجود بے کس،نادار مسلمان بہن بھائیوں کا خصو صی خیال رکھیں۔