لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بنک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بنکوں سے قرض لے کر گاڑیاں خریدنے کا رجحان ایک بار پھر بڑھنے لگا۔ رپورٹ کے مطابق بنک لیز پر گاڑیوں کی خریداری کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ تین سال بعد کسی ایک ماہ میں بنکوں سے ڈھائی سو ارب سے زائد کی آٹو فنانسنگ ہوئی۔ بھاری قرضے لے کر ادھار پر گاڑیاں خریدی گئیں۔ مارچ میں ہونے والا یہ کاروبار پچھلے سال کی نسبت 7.5 فیصد زیادہ ہے۔ آٹو فنانسنگ کیلئے بنک ریٹ سنگل ڈیجٹ تک نیچے آچکا ہے جو خریداروں کیلئے باعث کشش ہے۔ ماہرین کے مطابق قرضہ دینے کی حد 30 لاکھ روپے اور ڈائون پیمنٹ 30 فیصد کی سٹیٹ بنک کی شرط کار فنانسنگ محدود کر سکتی ہے۔ مستحکم کرنسی ریٹ اور معیشت پر لوگوں کا اعتماد قرض لے کر گاڑیاں خریدنے کے رجحان کو بڑھا رہا ہے۔
بنک لیز پر گاڑیوں کا رجحان 7.5 فیصد بڑھ گیا‘ خریداری کا نیا ریکارڈ
Apr 22, 2025