وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی سرکاری ریسٹ ہاؤسز عام شہریوں کے لئے کھولنے کی پالیسی کے تحت مری میں محکمہ جنگلات کے تین ریسٹ محکمہ سیاحت کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب فاریسٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں وزیر جنگلات محمد سبطین خان، مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت آصف محمود، سیکرٹری فاریسٹ جاوید اقبال بخاری، سیکرٹری ٹوارزم احسان بھٹہ اور محکمہ جنگلات و سیاحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایم او یو کے تحت محکمہ سیاحت ان ریسٹ ہاؤسز کی اپ گریڈیشن اور سیاحوں کیلئے سہولیات کی بہتری کیلئے اقدامات کرے گا۔ سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے ریسٹ ہاؤسز کو ہاسٹل، چلڈرن پلے ایریا، فوڈ سٹریٹ اور دیگر سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔ ریسٹ ہاؤسز آؤٹ سورس کرتے ہوئے بزنس ماڈل کے تحت استعمال کئے جائیں گے جس سے حاصل ہونے والے ریونیو میں محکمہ جنگلات اور محکمہ سیاحت دونوں شراکت دار ہوں گے۔ اس موقع پر وزیر جنگلات سبطین خان نے ایم او یو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کا باہمی تعاون وزیراعلیٰ پنجاب کے فروغ سیاحت کے ویژن کو تقویت دے گا۔ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) ان ریسٹ ہاؤسز کا انتظام سنبھالے گی تاہم محکمہ جنگلات بھی بوقت ضرورت انہیں استعمال کر سکے گا۔ اسی طرح ریسٹ ہاؤسز سے عام افراد بھی طے شدہ کرائے پر مستفید ہو سکیں گے۔ مشیر سیاحت آصف محمود نے کہا کہ مختلف مقامات پر موجود ریسٹ ہاؤسز کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے بھی مختلف محکموں کے ریسٹ ہاؤسز ٹی ڈی سی پی کے حوالے کئے گئے۔ اب محکمہ جنگلات کے 3 ریسٹ ہاؤسز کو سیاحتی مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ ان ریسٹ ہاؤسز کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کرتے ہوئے اس کے جنگلاتی حسن کو بحال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار دیگر ریسٹ ہاؤسز کو بھی عوام کے لئے کھولنے کے ساتھ ساتھ کالا باغ کے مقام پر دریائے سندھ میں فلوٹنگ ریسٹورنٹ بھی بنایا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38