چیئرمینوں کی درخواست پر بہاولپور بنچ میں آج ڈی سی رحیم یار خان طلب
رحیم یار خان(بیورو رپورٹ)لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ نے ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان کو بلدیاتی ادارے بحال کرنے بارے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع کونسل رحیم یار خان اور چاروںمیونسپل کمیٹیوںکو انکی اصلی شکل میں بحال کر کے آج(جمعرات )ذاتی طور پر پیش ہونے کے احکامات جاری کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین ضلع کونسل سردار اظہر خان لغاری نے لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ میں ایک رٹ دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی ادارے بحال کرنے بارے احکامات جاری کر دیئے ہیں لیکن چونکہ موجودہ حکومت نے بلدیاتی ایکٹ میں ایک ترمیم کے ذریعے رحیم یار خان سمیت پنجاب بھر کی ضلع کونسلز ختم کر کے ان کے فنڈز تحصیل کونسلز کو منتقل کر دیئے ہیں اس لئے نئی صورت حال میں ضلع کونسل رحیم یار خان بحال نہیں ہو سکتی اور نہ ہی اسکے فنڈز اس کو مل سکتے ہیں اس لئے ڈی سی رحیم یار خان اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن رحیم یار خان سمیت اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات جاری کئے جائیں کہ وہ ضلع کونسل اور چاروں تحصیل کونسلز کو اپنی شکل میں بحال کریں تاکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد ہو سکے جس پر لاہور ہائی کورٹ کے جج مسٹر جسٹس شجاعت علی خان نے رٹ کنندہ کے وکلاء سردار اسلم خان دھکڑاور سردار اصغر خان لغاری کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان اور اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد کو ضلع کونسل رحیم یار خان اور چاروں تحصیل کونسلز بحال کر کے اختیارات متعلقہ چیئرمینز کو منتقل کر کے آج ہائی کورٹ میں ذاتی طور پر پیش ہونے کے احکامات جاری کئے ہیں۔