لاپتا افراد کیس ، وفاقی سیکرٹری داخلہ سے تفصیلی رپورٹ طلب
کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی سکیرٹری داخلہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس کے کے آغا نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔اس دوران آئی جی سندھ مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن اور دیگر پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس کے کے آغا نے آئی جی سندھ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں موجود اپنے ارد گرد دیکھیں کتنے لوگ موجود ہیں، بیشترافراد کا کوئی نہ کوئی لاپتا ہے اس لیے سب کے دل جلے ہوئے ہیں۔جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ کافی عرصے سے شہری لاپتا ہیں کسی طرح تو ان کو واپس لانا ہوگا۔جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ ہر کیس جبری گمشدگی کا بھی نہیں، کچھ لوگ ازخود روپوش ہیں، کچھ کی ذاتی دشمنیاں بھی ہیں، کچھ افراد خود سے مفرور ہیں اور کچھ خود سے لاپتا بھی ہیں مگر ہم جائزہ لے رہے ہیں۔جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ آپ اور آپ کی پولیس اچھا کام کر رہی ہے، عدالت کی جانب سے جو حکم نامہ سامنے آتا ہے اس پر بھی عملدرآمد کرنا ہوگا۔ کیس کی مزید سماعت 28 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔