ورلڈ کپ سے قبل انگلش بیٹسمین الیکس ہیلز پراسرار حالات کا شکار
لندن(آئی ا ین پی) ورلڈ کپ سے قبل انگلش بیٹسمین الیکس ہیلز پراسرار حالات کا شکار ہوگئے، انھوں نے اپنی کاونٹی ٹیم ناٹنگھم شائر کی جانب سے ڈومیسٹک میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔انگلینڈ نے چند روز قبل اپنے جس ابتدائی 15رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا اس میں الیکس ہیلز بھی موجود تھے مگر گذشتہ روز اچانک انھوں نے ناٹنگھم شائر کی جانب ون ڈے لندن کپ کا ابتدائی میچ کھیلنے سے انکار کردیا، انھوں نے اپنی دستبرداری کی وجہ ذاتی اسباب کو قرار دیا ہے۔ہیلز گذشتہ 4برس کے دوران مستقل مزاجی سے انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم میں پرفارم کرتے رہے تاہم حالیہ کچھ عرصے میں انھیں جیسن روئے اور جونی بیئر اسٹو کے بیک اپ کیلئے استعمال کیا جانے لگا تھا۔ آئندہ ہفتے انگلینڈ کے ون ڈے کھلاڑیوں کا ٹریننگ کیمپ ہے جس کے بعد وہ آئرلینڈ سے واحد میچ کے بعد پاکستان کے خلاف 5ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلیں گے جبکہ ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کی مہم کا آغاز 30مئی سے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے ہوگا۔ناٹنگھم شائر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکس ہیلز نے ذاتی وجوہات کی بنا پر سلیکشن کیلئے عدم دستیابی ظاہر کی اور اس کی واپسی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔یاد رہے کہ ہیلز نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے بعد ابھی تک کسی قسم کی کوئی مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی۔ گذشتہ ماہ انھوں نے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی جانب سے عمدہ کھیل اور توقعات پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔