نئی لیز پالیسی سے حکومت کی آمدن میں اضافہ ہوگا:راجہ بشارت
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ نئی لیز پالیسی سے حکومت کی آمدن میں اضافہ ہوگا ، نیا بلدیاتی نظام مالی طو رپر خود مختار ہوگا،یہ بلدیاتی نظام پائیدار ہوگا اور عوام کی مسائل کے حل کے لئے معاون ثابت ہوگا ، پارلیمانی سیکرٹری ریونیو چوہدری محمد عدنان نے وزیر قانون راجہ بشارت سے ملاقات کی ،ملاقات میں نئی لیز پالیسی اور پنجاب میںقبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واگزار کرنے پر تبادلہ خیال ہوا، اس ملاقات میں آئندہ بجٹ پر بھی بات چیت ہوئی،وزیر قانون راجہ بشارت نے کہاکہ پنجاب مقامی اوربین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مقام بن چکا ہے اور سرمایہ کاروں کو پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے،چوہدری عد نان نے کہاکہ پنجاب بھر میں معاشی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں،صنعت کار اورتاجر نئی حکومت پر گہرا اعتماد رکھتے ہیں، نئی حکومت صنعت کاروں اور تاجروں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے ، تاجر دوست حکومت تاجروں کے مسائل حل کررہی ہے جس سے تاجروں میں نیااعتماد پیدا ہورہا ہے ۔