حکومت پنجاب ناخواندگی اور غربت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے، راشد حفیظ
راولپنڈی (جنرل رپورٹر)ناخواندگی اور غربت کا چولی دامن کا ساتھ ہے ، ان دونوں محرومیوں اور ان کی وجوہات کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب پورے وسائل بروئے کار لا کر مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے جس میں خواندگی وغیر رسمی بنیادی تعلیم کی وزارت پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں ناخواندگی کے خاتمے کیلئے رات دن کوشاں ہے ، محنت ، تندہی ، ایمانداری اور خلوص کے ساتھ کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ کام نہ کرنے والوں کی ہمارے پاس کوئی جگہ نہیں ۔ان خیالات کا اظہار پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے راولپنڈی شہر کی مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے دوران مقامی لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر لوگوں کے انفرادی و اجتماعی مسائل بھی معلوم کئے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی ،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے لوٹ مار ، کرپشن ، اقرباء پروری اور ان جیسی دیگر خرابیوں کے خلاف جہاد شروع کر رکھا ہے اور نظام کو درست ٹریک پر لانے کیلئے کام ہو رہا ہے، عوام کو درپیش مشکلات عارضی مگر ہمارے اقدامات کے نتائج آنے والے ماہ وسال میں عوام کو ریلیف دیں گے،ناخواندگی ، غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوتا ہے ،پنجاب کی حکومت وزیر اعلی عثمان بزدار کی سربراہی میں جرائم کی ان وجوہات کے خاتمے پر خلوص نیت کے ساتھ کام کر رہی ہے،نئے بلدیاتی نظام کے تحت غیر رسمی بنیادی تعلیم اور تعلیم بالغاں کا سسٹم مزید مضبوط اور فعال بنایا جائیگا جس میں مقامی منتخب نمائندوں کو اہم اور نتیجہ خیز کردار سونپا جائیگا