بوسیدہ مکان گرنے سے ہلاکتیں
بھاٹی گیٹ میں 3 منزلہ بوسیدہ مکان گرنے سے ماں بیٹے سمیت 6 افراد جاں بحق۔ 4 زخمی۔ ریسکیو آپریشن 10 گھنٹے جاری رہا۔ ڈی سی او کا جائے حادثہ کا دورہ امدادی کاموں کی نگرانی کی۔ اندرون لاہور میں بوسیدہ مکانوں کے گرنے سے ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے حکومتوں کی طرف سے بوسیدہ مکانات میں رہائش پذیر خاندانوں کو بار بار وارننگ کی جاتی رہی ہے۔ مگر معاشی حالات کے ہاتھوں مجبور غریب خاندان مجبوراً ایسے مکانات میں زندگی دائو پر لگائے رہنے پر مجبور ہیں۔ زلزلہ یا بارش کی صورت میں ان مکانات کے گرنے کی وجہ سے ہمیشہ جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ حکومت ان لوگوں کو متبادل رہائشی جگہ فراہم کرے تاکہ یہ لوگ وہاں منتقل ہوں اس کے بعد شہر بھر میں پرانے اور بوسیدہ مکانات کو ، جن کے گرنے کا خطرہ ہے فوراً منہدم کر کے لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ گزشتہ روز کے سانحہ میں انتظامیہ نے بروقت کارروائی کر کے نعشوں اور زخمیوں کو نکالا۔ شہر کی تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ اس طرف حکومت توجہ دے اور شہر کی تنگ گلیوں میں آتشزدگی یا مکان گرنے کی صورت میں فوری امدادی ٹیموں کے پہنچنے کے لئے کوئی راہ نکالے یا منصوبہ بنائے تاکہ آنے والے مون سون کی بارشوں میں ایسے حادثات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ حکومت اس حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہلخانہ کی بھرپور مالی معاونت کرے اور انہیں علاج معالجے کی مکمل سہولتیں فراہم کرے۔ بوسیدہ مکانات میں رہائش پذیر لوگوں کو اپنی زندگیوں کا تو احساس ہونا چاہئے جن کو دائو پر لگا کر وہ ایسے مکانات میں رہائش رکھتے ہیں جو کسی بھی وقت بدترین سانحہ کا باعث بن سکتے ہیں۔