مینار پاکستان پر پی ٹی آئی کا جلسہ ملکی سیاست کا رخ موڑ دیگا: عامر ڈوگر
ملتان( سپیشل رپورٹر) ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ 29اپریل کو مینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ عام ملکی سیاست کا رخ موڑ دے گا۔ اس تاریخ ساز جلسہ عام میں شرکت کیلئے ملتان سے ہزاروں کارکنان قافلے کی صورت میں شریک ہوکر یہ ثابت کریں گے کہ ملتان کے کارکنان عمران خان کا ہر اول دستہ ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے 29اپریل کومینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں یونین کونسل نمبر2امیر آباد میں کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ دیگر مقررین میں سٹی جنرل سیکرٹری ندیم قریشی سمیت اشرف ناصر خان، ملک عاصم کالرو، مصطفی چوہان، خلیل گجر، راؤ آصف، سہیل عاربی، ظہیر اعوان، نوید راں، فیاض بلوچ، ملک سجاول، عباس راجپوت ، آزاد اختر، ملک معاویہ، غزل غازی، خالد چٹھہ، خواجہ ابراہیم نے بھی خطاب کیا۔ ملک محمد عامر ڈوگر نے مزید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ملک میں کرپشن کے خاتمے اور عوام کا بول بالا کرنے کیلئے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں جدوجہد پر عمل پیرا ہے آج پانامہ زدہ حکمران نہ صرف احتساب کے شکنجے میں جکڑے جاچکے ہیں بلکہ وہ اس سے راہ فرار اختیار کرنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں اور کسی این آر او کے منتظر ہیں جبکہ اب ان کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔