عام انتخابات میں عوام صوبہ کے نام پر دھوکہ دینے والوں کو مسترد کردینگے: ندیم ممتاز
ملتان( سپیشل رپورٹر) مستقبل پاکستان کے چیئرمین انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا ہے کہ عوام صوبے کے نام پر دھوکہ دینے والوں کو عام انتخابات میں مسترد کردیں گے پانچ سال تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے کرتا دھرتاؤں کے جھانسے میں عوام نہیں آئیں گے آنے والے بجٹ میں بھی کرپٹ حکمرانوں سے کوئی خیر کی توقع نہیں الیکشن مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں احتساب کا دائرہ کار تمام کرپٹ لوگوں تک بڑھایاجائے ملک بھر میں کم از کم 30نئے صوبے بنائے جائیں ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں ضلعی صدر رانا رفیع الدین، سٹی صدر تاج الدین قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا انہوں نے مزید کہاکہ حکمران طبقہ نے ہمیشہ اقتدار کے حصول یا اقتدار حاصل کرنے کیلئے کبھی الگ صوبے کا نعرہ لگایا تو کبھی عوام کو غربت، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی سے چھٹکارہ دلانے کا دلاسہ دیا لیکن قوم سے کئے گئے وعدوں میں ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا بلکہ مسائل ہی پیدا کئے۔ جنوبی پنجاب گزشتہ 70برسوں سے محرومیوں اور پسماندگی کاشکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو ملک مزید مشکلات کا شکار ہوسکتا ہے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الیکشن کمیشن بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ کار وضع کرے تاکہ وہ بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔