پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ 2018 شروع، اشرف شوگر ملز افتتاحی میچ میں کامیاب
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر)تین سال بعدفٹ بال کے سونے میدان آباد ہوگئے ،پی ایف ایف نیشنل چیلنج کپ 2018 کا شایان شان آغازہو گیا۔ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 24ٹاپ فٹ بال ٹیمیں شریک ہیں ۔ افتتاحی میچ کے پی ٹی فٹ بال سٹیڈئم کراچی میں نیشنل بنک اور اشرف شوگر ملز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ رنگارنگ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پی ایف ایف کے سینئیر نائیب صدر سید خادم علی شاہ تھے جنہوں نے پی ایف کے جنرل سیکریٹری کرنل (ر) احمد یار خان لودھی کے ہمراہ ایونٹ کے آغاز کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شائیقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ سید خادم علی شاہ نے اس موقع پر صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شب و روز کاوشوں کی وجہ سے ہی فیفا پابندیوں کے خاتمے کے بعد آج پاکستان میں فٹ بال کی بحالی کا عملی آغاز ہو سکا ہے، انہوں نے فٹ بال کو مزید ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے پر جوش کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے گول پر یکے بعد دیگرے کئی حملے کئے نیشل بنک کے کھلاڑی مقبول نے اپنی ٹیم کی طرف سے پنلٹی کک پر گول کرنے کا نادر موقع ضائیع کر دیا۔ اشرف شوگر ملز کے گول کیپر ارباز علی جرسی نمبر 22نے دائیں طرف گرتے ہوئے گول کرنے کی کوشش کو خوبصورتی سے ناکام بنایا۔ میچ کے اختتامی لمحات میں اشرف شوگر ملز کے کھلاڑی سردار عباس نے ایک خوبصورت فیلڈ گول کیا اور اپنی ٹیم کو 1کے مقابلے میں صفر سے فتح دلائی۔ آج اتوار 22اپریل کونیشنل چیلنج کپ کے سلسلہ میں 3میچ کھیلے جائیں گے۔