نواز شریف کا دورہ لندن این آر او کے حصول کیلئے ہے: حامد رضا
لاہور ( سپیشل رپورٹر) چیئرمین سنی اتحاد کونسل اور سیکریٹری جنرل نظام مصطفے متحدہ محاذ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کا دورہ لندن این آر او حاصل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ کرپٹ مافیا کے ساتھ مک مکا کیا گیا تو یہ ملک و قوم کے ساتھ ظلم ہو گا۔ نیب کے چیئرمین نیب کے لاہور آفس کو ن لیگ کے حامیوں سے پاک کریں۔ پنجاب کی بیورکریسی شریف خاندان کی ذاتی ملازم بن چکی ۔ نواز شریف کی سیاست نظریاتی نہیں مفاداتی ہے۔ سارے غداران وطن نواز شریف کے اتحادی بنے ہوئے ہیں۔ ایم کیو ایم سے اتحاد نے ن لیگ کا چہرہ مزید بے نقاب کر دیا ہے۔ منظور پشتین ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔ پاک فوج کے خلاف بھارتی سپانسرڈ مہم سالمیت کے خلاف سازش ہے۔ ملک میں عدم استحکام اور انتشار و فساد پھیلانا ملک دشمنوں کا دیرینہ ایجنڈا ہے۔ قوم پاک فوج کی کارکردگی سے مطمئن اور قربانیوں کی قدر کرتی ہے۔ سیاست سے کرپشن ختم کئے بغیر ووٹ اور ووٹر کو عزت نہیں مل سکتی۔ عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والے ووٹ اور ووٹر کی عزت پامال کرتے ہیں۔ حکومت ختم ہوتے ہی ن لیگ دھوپ میں رکھی برف کی طرح پگھلتی جائے گی۔ شریف خاندان نے مسلسل تیس سال ملک کو چراگاہ بنائے رکھا ہے اور اقتدار کو دولت سازی کا ذریعہ بنا کر سیاست کو تجارت بنا دیا۔