کبڈی ورلڈکپ: پاکستانی ٹیم کی شرکت خطرے میں پڑ گئی
لاہور+فیصل آباد (نمائندہ سپورٹس +نمائندہ خصوصی) ورلڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ 2018ملبورن آسٹریلیا کے لیے پاکستانی ٹیم کے 9کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہ ہوسکے ۔ ترجمان پاکستان کبڈی فیڈریشن عالمی کبڈی مبصر طیب گیلانی کے مطابق 22اپریل کو آسٹریلیا میں ورلڈ کپ ہورہاہے جس میں 8ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں پاکستان کبڈی فیڈریشن نے آسٹریلین ہائی کمیشن کو پاکستانی 14رکنی ٹیم اور5آفیشلز کے ویزوں کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کروائی تھیں جس میں سے صرف لالہ عبیداللہ ، وقاص بٹ ، جابر کمبوہ، شہرام بھٹو، نفیس گجراورکوچ فریا دعلی جٹ آسٹریلیاروانہ ہوچکے ہیں جبکہ کپتان عرفان مانا، شفیق چشتی ، مشرف جنجوعہ ، شانی بسرا، وقاص چٹھہ ، اشفاق ڈھلوں ، راشد ملک ، ساجد نثار او ر اکمل ڈوگر کو ویزے جاری نہ ہوسکے جس کی بدولت پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت نامکمل ہوگی طیب گیلانی نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ، انڈیا ، آسٹریلیا ، ایران ، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، امریکہ اورSGPCکی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ جن میں پاکستانی ٹیم کو فیورٹ قراردیاجارہاتھا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ شیڈول کے مطابق ٹیموں کو دو پولز میں رکھا گیاہے پول اے میں انڈیا ،ایران ، نیوزی لینڈاور SGPCجبکہ پول بی میں پاکستان ، کینیڈا ، امریکہ اورآسٹریلیاشامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ آج آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ کینیڈا بمقابلہ امریکہ، نیوزی لینڈ بمقابلہ ایران اورانڈیا بمقابلہ SGPCکی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔