سیلاب کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ حفاظتی اقدامات کر رہی ہے: سمیر احمد
لاہور(خبر نگار)ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ ضلعی انتطامیہ لاہور ماہ جون و جولائی میں متوقع سیلاب کے پیش نظر انتظامات کر رہی ہے تمام ادارے اس ضمن میں ملکر کام کر رہے ہیں۔ تمام اداروں کو ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی لاہور نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ڈسٹرکٹ ایمر جنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ، اے ڈی سی جی رائو امتیاز جبکہ ایل ڈیلبیوایم سی ، واسا، ریسیکیو1122، محکمہ انہار اور دیگر ادارں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریسکیو 1122کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام آلات کو فنکشنل کر دیا گیا ہے۔ جس پر ڈی سی لاہور نے ریسکیو کی انتظامیہ کو ہدایت کی دریائے راوی میں مشقیں کی جائیں اور اس میں دیگر اداروں کو بھی شامل کیا جائے۔انہوں نے محکمہ انہار کے افسران کو کہا کہ وہ دریائے کے بیڈ اور پشتوں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ کریں اور اس کے لیئے اگر ضلعی انتظامیہ کی ضرورت پیش آتی ہے تو اس میں پورا تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے واسا اور ایل ڈیلبیوایم سی کو ہدایت کی کہ وہ شہر کی چھوٹی اور بڑی نالیوں کی صفائی کروائی جائے۔