ننکانہ پریمئر لیگ ٹرافی، شرٹس کی تقریب رونمائی، محمد عرفان بھی شریک
ننکانہ صاحب(نامہ نگار) ننکانہ پریمیر لیگ کی ٹرافی اور شرٹس کی تقریب رونمائی ہوئی ، خصوصی ڈپٹی کمشنر ملک عبدالوحید تھے ۔ کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر محمد عرفان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ڈاکٹر فہد ممتاز ،چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری نعیم احمد، عامر بٹ شہزاد ، مقبول احمد ، مبشر ربانی، چوہدری افضل حق خاں ، چوہدری عرفان قیصر چوہدری محمد ریاض، بائو ظفر اقبال ، کامران چوہدری سمیت ٹیموں کے مالکان ، کھلاڑیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹرافی کی رونمائی کی اور ٹیموں کے مالکان اور کپتانوں کو کو ٹیم کی شرٹس دیں۔
، تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے ملک عبدالوحید نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلع میں کھیلوں کے فروغ اور نئی نسل کو نشہ سمیت معاشرتی برائیوں سے بچانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ، چند ماہ کے اندر ننکانہ صاحب میںعالمی معیار کے کبڈی میچ، بیڈ منٹن اور تن سازی سمیت دیگر قومی اور علاقائی کھیلوں کے مقابلے کروائے جاچکے ہیں تاکہ ضلع ننکانہ صاحب میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ قومی سطح کے بہترین کھلاڑیوں کی تلاش میں بھی مدد مل سکے ، تقریب کے دوران کھلاڑیوں کے مطالبہ پر ڈپٹی کمشنر نے ہاکی سٹیڈیم کو کرکٹ ا سٹیڈیم میں تبدیل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری نعیم احمد نے اس کے منصوبے کے لیے درکار تمام فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر شہزاد بٹ نے کہا کہ ننکانہ پریمیر لیگ میں ضلع بھر سے10ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور کرکٹ کے یہ مقابلے 22اپریل تک جاری رہیں گے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو ایک لاکھ روپے جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو پچاس ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔