شہباز شریف نے جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کو مسلم لیگ ن بلوچستان کا صدر نامزد کردیا
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بلوچستان مسلم لیگ کے لئے نئے عہدیداران نامزد کردیئے ہیں۔ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ صدر اور سینئر کارکن سیدال خان ناصر جنرل سیکرٹری ہوں گے۔ جمال شاہ کاکڑ، میر افضل مندوخیل سینئر نائب صدور اور فرید افغان خان سیکرٹری اطلاعات ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ان عہدیداروں کو قائم مقام کا درجہ حاصل ہوگا جبکہ عام انتخابات کے بعد پارٹی میں مرکز اور چاروں صوبوں کی تنظیموں کے الیکشن کرائے جائیں گے۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز میاں شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں احسن اقبال، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، سابق صدر بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، سینیٹر آصف کرمانی، اراکین قومی اسمبلی زاہد حامد، حمزہ شہباز سمیت سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی، جمال شاہ کاکڑ، امیر افضل مندوخیل، سیدال خان ناصر، یونس بلوچ، فرید افغان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔