پنجاب حکومت نے رمضان پیکیج 2018کی منظوری دیدی: منشاء اللہ بٹ
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے محکمانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رمضان المبارک کے دوران صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکیج 2018ء کی منظوری دے دی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کااہم ا مشن ہے، ان مقا صد کیلئے ہر قسم کے ضروری ا قدامات کو عمل میں لایا جائے گا۔ ایسے تمام ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا موقع پر سخت احتساب کرنا ہو گا جو اس مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی ادارے اور افسران رمضان بازاروں کے انعقاد میں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اگر اس دوران کسی قسم کی کوتاہی سامنے آئیں تو سخت باز پرس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ماہ صیام کے دوران سستے آٹے کی فراہمی پر 11 ارب روپے کی خطیر رقم کی سبسڈی دے گی۔ رمضان بازاروں اوراوپن مارکیٹ میں 20کلوگرام آٹے کا تھیلا 500 روپے جبکہ 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 250 روپے میں دستیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں 300 سے زائد سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 32 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے۔ فری سحر و افطارکیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔