سندھ ہائی کورٹ نے نیب کو سیکریٹری بلدیات کی گر فتاری سے روک دیا
کراچی (وقائع نگار) سندھ ہائی کورٹ نے نیب کو سیکرٹری بلدیات سندھ رمضان اعوان کی گرفتاری سے روکتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔ہفتے کو سندھ ہائی کورٹ میں سیکرٹری بلدیات سندھ رمضان اعوان کی حفاطتی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی ۔سیکرٹری بلدیات کے وکیل بیرسٹر حق نوا ز تالپور نے موقف اختیار کیا کہ رمضان سولنگی کے ریمانڈ کی دستاویزات میں ان پر کرپشن کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، رمضان سولنگی سے برآمد ہونے والی رقم سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ میرا موکل تفتیش میں تعاون کے لیے تیار ہے ۔عدالت سے استدعا ہے کہ نیب کو رمضان اعوان کی گرفتاری سے روکا جائے۔سندھ ہائی کورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے نیب کو سیکرٹری بلدیات کی گرفتاری سے روک دیا ۔واضح رہے کہ سیکرٹری بلدیات کے پرسنل سیکرٹری رمضان سولنگی جسمانی ریمانڈ پر پرنیب کی تحویل میں ہیں، نیب کا دعوی ہے کہ ملزم سے کرپشن کے اہم شواہد حاصل کرلیے ہیں