بجٹ تیار کر لیا‘ بہتر ہو گا نگران حکومت پیش کرے : وزیر خزانہ پنجاب
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ بجٹ تیار کرلیا ہے بہتر ہو گا نگران حکومت پیش کرے بجٹ 2018-19 ء میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ اولین ترجیح ہو گی حکومت پنجاب مقامی صنعتوں کے فروغ کے لئے نجی شعبہ کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی ہنر مندی بے روزگاری کی ضد ہے نوجوانوں کو بے روزگاری سے نجات کے لئے مہارتوں کے حصول کی جانب راغب کر رہے ہیں تاکہ وہ ملازمتوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے کاروبار اختیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائل پام کنٹری کلب میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیراہتمام ’’ذوق و ہنر‘‘ کے عنوان سے گھریلو دستکاریوں اور چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لئے منعقدہ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا بجٹ سے متعلق سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ زراعت‘ صحت‘ تعلیم اور پینے کا صاف پانی حکومتی ترجیحات تھیں اوررہیں گی مقامی پیداوار میں اضافے اور ایکسپورٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ کی تیاری کا عمل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے تاہم ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ بجٹ کا اعلان اور منظوری موجودہ حکومت دے گی یا آئندہ بجٹ عبوری ہو گا یا مکمل بجٹ پیش کیا جائے گا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ نگران حکومت چاہے تو چار ماہ یا پورے سال کا بھی بجٹ پیش کر سکتی ہے۔