جنسی ہراساں کرنے والوں کے نام منظرعام پر لانے چاہئیں: عائشہ گلالئی کا میشا شفیع کی حمایت میں ٹویٹ سنجیدگی سے بات کرنے کی ضرورت ہے: ماہرہ خان
اسلام آباد‘ کراچی (آئی این پی) میشا شفیع کی جانب سے گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد کئے جانے کے بعد تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے ان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ ٹوئٹر پر عائشہ گلالئی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مزید خواتین نے خاموشی توڑی اور جنسی ہراسگی کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنسی ہراساں کرنے والوں کے نام منظر عام پر لائے جانے چاہئیں اور انہیں بے عزت کیا جانا چاہیے، معتوب متاثرہ فریق کو نہیں بلکہ دست دراز کو کیا جانا چاہئے۔ 52 فیصد خواتین کی عزت اور ناموس ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے انہیں ملکی ترقی میں مثبت کردار دیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب اداکارہ ماہرہ خان نے میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کے الزام پر کہا ہے کہ اس مسئلے پر سنجیدگی سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔