ملکی تاریخ میں پہلی بار زیرگردش کرنسی نوٹ 44کھرب روپے سے تجاوز کر گئے
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں زیر گردش کرنسی نوٹ تاریخ میں پہلی بار 44 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر گئے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق اپریل کے دوسرے ہفتے کے دوران حکومت کی طرف سے 42 ارب 18 کروڑ روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کئے گئے جس کے باعث مارکیٹ میں زیر گردش کرنسی نوٹوں کی مجموعی مالیت ملکی تاریخ میں پہلی بار 44 کھرب 20 ارب 18 کروڑ 58 لاکھ روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اپریل کے پہلے ہفتے کے دوران بھی 93 ارب 12 کروڑ 61 لاکھ روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کئے گئے تھے۔ حکومت کی طرف سے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بے تحاشا نئے کرنسی نوٹ چھاپنے کے باعث جاری شدہ کرنسی نوٹوں کی مجموعی مالیت بھی 44 کھرب 20 ارب 29 کروڑ 24 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔حکومت نے اخراجات کے لیے ان دو ہفتوں کے دوران سٹیٹ بینک کے علاوہ کمرشل بینکوں سے بھی 18 کھرب 18 ارب روپے کے نئے قرضے لئے ہیں۔