چیئرمین سینٹ جیسا وزیراعظم لانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں: اویس نورانی
لاہور ( سپیشل رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ جیسا وزیراعظم لانے کی تیاری ہو رہی ہے۔ سراج الحق نے پی ٹی آئی کو بے نقاب کر کے سینٹ الیکشن ڈرامے کو واضع کر دیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں بڑی تعداد میں آذاد امیدواروں کو کامیاب کرانے کی سازش تیار ہو چکی ہے۔ جنوبی پنجاب صوبے کا نعرہ سیاسی و انتخابی نعرے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ سیاسی جماعتیں الزام تراشی کی سیاست ترک کر کے اپنا اپنا منشور قوم کے سامنے پیش کریں۔ سیاسی راہنما ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھال کر غیر سیاسی سازشی قوتوں کو مضبوط کر رہے ہیں۔ لوٹوں اور لٹیروں کو سیاست بدر کرنا ہو گا۔ ہر الیکشن میں وفاداریاں بدلنے والے جمہوریت کے ولن ہیں۔ پاکستان منشائے الہی سے قائم ہوا ہے اور ہمیشہ قائم رہنے کے لئے قائم ہوا ہے۔ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمن ناکام و نامراد ہوں گے۔ شام میں جاری خانہ جنگی عالمی طاقتوں کی رسہ کشی کا نتیجہ ہے۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم پر اقوام متحدہ اندھی، گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے۔ کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر مسلم دنیا مشترکہ موقف اختیار کرے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آئین کی بالادستی سے ہی جمہوریت مضبوط اور پاکستان مستحکم ہو گا۔