میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کو دس ارب سے زائد فنڈز دینے کی منظوری
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) دیہی علاقوں اور ماڈل ٹائونز کو بھی اسلام آباد شہر کے ہم پلہ بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے تاکہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو بھی جدید بنیادی سہولیات بہم پہنچائی جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے ہفتہ کے روز ماڈل ٹائون ہمک میں سستے ماڈل بازار کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یونین کونسل ہمک کے چیئرمین ، قاضی فیصل نعیم کے علاوہ چیئرمین یونین کونسل آئی نائن سردار مہتاب احمد خان ایڈووکیٹ اور ہمک کے منتخب نمائندوں کے علاوہ ہمک کے مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ماڈل ٹائون ہمک میں سستے ماڈل بازار کی جگہ مختص تھی منتخب نمائندوں کے باعث آج اس سستے ماڈل بازار کا افتتاح ممکن ہوا ہے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ حکومت پاکستان نے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کو پی ایس ڈی پی کے تحت دس ارب سے زائد فنڈز دینے کی منظوری دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان فنڈز کو عوامی نمائندوں کی طرف سے دی گئی تجاویز کی روشنی میں خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی نے اسلام آباد کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں صفائی کا جدید نظام لانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے اور ٹینڈر کرنے کے بعد پورے اسلام آباد میں صفائی کا یکساں اور جدید نظام متعارف کرا دیا جائے گا اوراسلام آباد کی ہر یونین کونسل کے ساتھ مل کر صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ میئر اسلام آباد نے کہا کہ ماڈل ٹائون ہمک میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ٹیوب ویلز کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی پانی کے حصول کو ممکن بنانے کے لیے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔