;پانی کی صورتحال بہتر ہونے کے باعث ارسا نے صوبوں کے کوٹے میں اضافہ کر دیا
اسلام آباد(قاضی بلال)بارشوںکے باعث پانی کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے ارسا نے صوبوںکے پانی کے کوٹے میں اضافہ کر دیا ہے ۔ حالیہ بارشوں کی وجہ سے دریاﺅ ںمیں پانی کے آمد نو ے ہزار کیوسک سے بڑھ کر ایک لاکھ اکتالیس ہزار کیوسک ہو گئی ۔ اس طرح مجموعی طورپر پانی ذخائر میں اکاون کیوسک اضافہ ہوا ۔ پنجاب کاکوٹہ اٹھالیس ہزار کیوسک سے بڑھا کر اکسٹھ ہزارکیوسک اسی طرح سندھ کا کوٹہ 33000 ہزار کیوسک سے بڑھا کر چالیس ہزار کر دیا گیا ہے ۔ پنجاب کے کوٹہ میں تیرہ ہزار کیوسک جبکہ سندھ کے کوٹہ میں سات ہزار کیوسک اضافہ کیا گیا ہے ۔ ارسا نے چشمہ جہلم کینال کو کھول دیا ہے جس سے دوہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب سے ارسا نے بلوچستان کی نہروں میں بھی چار ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد یکم مئی سے ہوگا ۔ منگلا سے بھی پانی کا اخراج زیادہ کر دیا گیا ہے ا س وقت منگلا سے پانی کا اخراج پچیس ہزار کیوسک سے بڑھا کر اتھائیس ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے جبکہ تربیلا سے پانی کا اخراج کم کر دیا گیا ہے ۔ تربیلا سے تیس ہزار کیوسک پانی کے اخراج کو کم کرکے بائیس ہزار کیوسک کردیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ارسا نے گزشتہ روز میں پانی کی آمد میں اضافہ کے بعد اس میں نظرثانی کی ہے ۔ جس سے صوبوں کو کافی حد تک ریلیف ملے گا ۔
پانی کوٹہ