ٹیرف لائنز کے تحت آنے وا لے خام مال اور مشینری پر ڈیوٹی میں کمی کی سفارش
اسلام آباد (عترت جعفری) نئی ٹیرف پالیسی کے تحت سفارش کی گئی ہے کہ آئندہ بجٹ میں 450 ٹیرف لائنز کے تحت آنے والے خام مال اور مشینری پر ڈیوٹی میں کمی کی جائے۔ 3 فیصد کی ٹیرف لائن میں شامل تمام خام مال کو 2 سال کے اندر زیرو ریٹ کر دیا جائے۔ اس لائن میں 2747 ٹیرف لائنز شامل ہیں۔ جبکہ ان کے تحت ملک کی درآمدات 24 ارب 20 کروڑ ڈالر ہیں۔ نئی ٹیرف پالیسی کا مسودہ جاری کر دیا گیا ہے۔ مشاورت مکمل کرنے کے بعد ای سی سی سے منظوری لی جائے گی۔ ڈیوٹی کے 4 ریٹ تجویز کئے گئے ہیں جن کے تحت زیادہ سے زیادہ ڈیوٹی ریٹ 20 فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔ جبکہ باقی ریٹس 5 فیصد‘ 10 فیصد‘ 15 فیصد رکھنے کی تجویز ہے۔ یہ عمل دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔ پالیسی کے تحت تجویز کیا گیا ہے کہ 3 فیصد کے سلیب کو مرحلہ وار زیرو پر لایا جائے۔ یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ ایس آر او 1178 کے تحت ایک فیصد اضافی ڈیوٹی کو متعلقہ ٹیرف لائن کے اندر کھپایا جائے۔ خام مال کے صنعتی اور کمرشل درآمد کنندگان کے درمیان فرق کو ختم کیا جائے۔ مسودہ میں بتایا گیا ہے کہ 2013 ء میں 105 ٹیرف لائنز ریگولیٹری ڈیوٹی تھی جسے 2017 ء میں 1500 ٹیرف لائنز پر توسیع دیدی گئی۔ اس وقت کسٹمز ڈیوٹی سے حاصل ہونے والے ریونیو کا 8 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹیز کے ذریعہ آ رہا ہے۔ یہ بتایا گیا ہے کہ 40 ٹیرف لائنز پر ایک فیصد سے 2 فیصد تک اضافی کسٹمز ڈیوٹی لاگو ہے۔ ٹیرف میں اس وقت 3 فیصد کے تحت 2747 ٹیرف لائنز ہیں۔ ان ٹیرف لائنز کے تحت 24 ارب 20 کروڑ ڈالر کا سامان آتا ہے۔ 11 فیصد کے تحت 1096 ٹیرف لائنز ہیں جن کے تحت پاکستان کے درآمدات کا حجم 11 ارب 10 کروڑ ڈالر ہے۔ 16 فیص والی ڈیوٹی کے تحت 513 ٹیرف لائنز ہیں جن کے تحت 2 ارب 50 کروڑ ڈالر کا سامان درآمد ہوتا ہے۔ پالیسی میں انکشاف کیا گیا کہ دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک ویت نام اور بنگلہ دیش شامل ہیں نے اپنے ٹیرف میں بالترتیب 72 فیصد اور 51 فیصد کمی کی۔ جبکہ پاکستان نے اپنے ٹیرف میں 11 فیصد اضافہ کر دیا۔ پالیسی میں کہا گیا ہے کہ آئندہ بجٹ سے 450 ٹیرف لائنز جن کا تعلق مشینری اور خام مال سے ہے پر ڈیوٹی میں کمی لائی جائے گی۔ اس طرح ایسی تمام ٹیرف لائنز جن پر ریٹ 16 فیصد سے 5 سے 15 فیصد ‘ 11 فیصد والی کو 10 فیصد‘ جبکہ پانچویں شیڈول میں شامل ٹیرف لائنز جن پر 4 سے 9 فیصد کی ڈیوٹی ہے انہیں مدغم کر کے ریٹ 5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ 3 فیصد والی تمام ٹیرف لائنز جن کا تعلق خام مال سے ہے اور برآمدی صنعتیں استعمال کرتی ہیں کو 2 سال کے اندر زیرو رویٹ کر دیا جائے۔ جبکہ باقی ٹیرف لائنز کو 3 سال میں زیرو ریٹ کر دیا جائے گا۔ تاہم مقامی صنعت کا خیال رکھا جائے۔