سربراہ پاک بحریہ کی نیول کمانڈر شنگھائی سے ملاقات، پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال
لاہور (خبرنگار) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے جو چین کے سرکاری دورے پر ہیںگزشتہ روز شنگھائی نیول بیس کا دورہ کیا اور کمانڈر شنگھائی نیول بیس ریئر ایڈمرل وانگ جیان زون سے ملاقات کی۔ شنگھائی نیول بیس آمد پر کمانڈر شنگھائی نیول بیس ریئر ایڈمرل وانگ جیانزون نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ روایتی لباس میں ملبوس چین کی بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے نیول چیف کو سلامی دی۔ نیول چیف نے سلامی کے بعد کمانڈر شنگھائی نیول بیس سے ملاقات کی۔بعد ازاں، پاک بحریہ کے سربراہ نے چین کی بحریہ کے یانگ زو کا دورہ کیا۔ جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے نیول چیف کو بریفنگ دی۔ جہاز کے دورے کے دوران نیول چیف نے جہاز کے عملے سے گفتگو کی اور اُن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے چینی فضائی اثاثہ جات کا بھی دورہ کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوس دونوں ابحری افواج کے درمیان باہمی تعاون میں مزید وسعت و استحکام کا باعث ہوگا۔