موذی مرض ملیریا کے خاتمہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنا ہو گی: بل گیٹس
لندن (صباح نیوز) مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس نے کہا ہے کہ ملیریا جیسے موذی مرض کو ختم کرنے کے لئے مچھروں کی سیٹلائٹ کے ذریعے نگرانی کرنا ضروری ہو گیا ہے جس میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن میں ہونے والی ملیریا سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ملیریا کے خاتمے کے لیے دنیا کو وہ کام کرنے ہوں گے جو اس سے قبل نہیں ہو سکے جیسا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جس کی مدد سے مچھروں کی حرکات اور افزائش کی نگرانی کی جا سکے۔ بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ڈرون اور سٹیلائٹ کے ذریعے مچھروں کی نگرانی کو ممکن بنایا جا سکے اس لیے ملیریا کے خاتمے کے لیے مائیکرو سافٹ نے 2 ارب ڈالر کی رقم مختص کی ہے تاکہ صرف 2016 میں 4 لاکھ 45 ہزار افراد کی ہلاکت کا سبب بننے والی اس بیماری کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بغیر اس مرض سے نجات حاصل کرنا ممکن نہیں۔واضح رہے کہ ملیریا کے خاتمے کے لیے منعقدہ اس سربراہی اجلاس میں شہزادہ چارلس،16 ریاستوں کے سربراہان اور معروف تاجروں نے شرکت کی اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔