کراچی : لوڈشیڈنگ مزید بڑھ گئی وزیراعظم کا نوٹس‘ کابینہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب
اسلام آباد(صباح نیوز‘ آئی این پی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے23 اپریل کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس کراچی میں ہوگا۔ اجلاس میں کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ،کے الیکٹرک کے معاملے پر غور ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کراچی میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔گذشتہ روز شہر میں جاری طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیدنگ کے خلاف جماعت اسلامی نے کراچی پریس کلب اور پاک سر زمین پارٹی نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔کراچی کے علاقے گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، نارتھ کراچی، گارڈن ، ماڈل کالونی، لانڈھی، کورنگی، کاظم آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور نیو کراچی سمیت کئی علاقے لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے حکومت سندھ کو خط لکھ کر کے الیکٹرک کے واجبات کی ادائیگی کروانے کا مطالبہ کردیا ۔کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھا ہے جس میں انہوںنے کہا کراچی واٹر بورڈ کے ذمہ کے الیکٹرک کے 32 ارب روپے ادا کیے جائیں۔ کے الیکٹرک کو رقم ملی تو وہ سوئی سدرن کے ساتھ اپنا مسئلہ حل کر سکتی ہے۔ واٹر بورڈ سے کے الیکٹرک کو رقم دلوانے میں وزیر اعلی اپنا کردار ادا کریں۔اویس لغاری نے کہا نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)کے مطابق کے الیکٹرک اپنے بند پاور پلانٹس تیل پر چلا سکتا تھا۔ نیپرا نے اپنی حالیہ رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ کراچی میں بجلی بحران کی وجہ کے الیکٹرک کی بدانتظامی اور نااہلی ہے۔دوسری جانب نیپرا کی جانب سے نوٹس لینے اور سیاسی جماعتوں کے احتجاج کے باوجود کے الیکٹرک نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کردیا۔کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مستثنیٰ علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 8 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں 14 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے۔جن علاقوں میں 14 گھنٹے تک بجلی بند کی جارہی ہے ان میں اورنگی ٹان، کورنگی، لانڈھی، کیماڑی، احسن آباد، گلشن معمار، سرجانی ٹان، بلدیہ ٹاﺅن، کیماڑی، موچھ گوٹھ اور مشرف کالونی سمیت مختلف علاقے شامل ہیں۔
کراچی‘ لوڈشیڈنگ