الیکشن وقت پر ہونگے‘ ووٹ کو عزت دو مسلم لیگ نون کا نعرہ ہو گا : شاہد خاقان
لندن (صباح نیوز‘نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ”ووٹ کو عزت دو“آئندہ انتخابات میں یہی مسلم لیگ (ن) کا نعرہ ہوگاکوئی بھی پاکستانی ایسا نہیں ہوگاجو یہ نہ چاہے کہ ووٹ کو عزت نہ دی جائے ۔عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے،لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں انہوںنے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کا یہ منشور اور یہ نعرہ ہوگاکہ ووٹ کو عزت دی جانی چاہیے ۔ جب نگران وزیراعظم کے نام سے متعلق پوچھا گیا تو وزیراعظم نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے ساتھ مشاورت کی جائے گی اور وہ خود اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نگران وزیراعظم کے نام کو فائنل کریں پنجاب کے وزیر اعلی کے حوالے سے بات چیت کی گئی تو انہوںنے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلی فی الحال شہبازشریف ہی ہیں ۔ الیکشن سٹریٹجی کے بارے میں سوال پر انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور کامیاب ہوگی۔ نوازشریف پاکستان سے آئے ہیں اور پاکستان ہی جائیں گے ۔ اس سوال پر کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہفتے بھر کا استثنی نہیں دیاہے تو اس پرشاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ عدالت کافیصلہ ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نوازشریف سے ملاقات کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا پاکستان اہم ملک ہے اس کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں ہونا چاہئے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے ملاقات طے نہیں تھی۔ اجلاس میں اسحاق ڈار سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ پارٹی اور ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق گفتگو ہوئی۔ نگران وزیراعظم کا نام خورشید شاہ فائنل کریں گے۔ ملاقات کا کوئی ایجنڈا نہیں تھا۔ بجٹ کا کام مفتاح اسماعیل کا ہے۔ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کریگی۔
شاہد خاقان