وزیراعلیٰ شہبازشر یف کی جانب سے رمضان پیکیج کا اعلان
رمضان پیکیج منظور، آٹا فراہمی کیلئے گیارہ ارب روپے کی سبسڈی، عام آدمی کو ریلیف دینا مشن ہے، شہبازشریف۔ صوبے میں 300 سے زائد رمضان بازار لگائے جائینگے کسی چیز کی قلت کی شکایت نہیں ہونی چاہئے: وزیراعلیٰ پنجاب۔
رمضان المبارک کے موقع پر صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے آٹے کی فراہمی کیلئے گیارہ ارب روپے کی سبسڈی کا جو اعلان کیا ہے اس سے عوام کو رمضان بازار اور کھلے بازار میں کم قیمت پر آٹے کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ رمضان المبارک کی آمد پر ہر سال حکومت پنجاب کی طرف سے سستے بازار اور رمضان بازاروں میں آٹا، دال، چینی اور سبزیاں وغیرہ کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اگر وزیراعلیٰ اسی خلوص کے ساتھ تاجر برادری کے ساتھ مل کر عام بازاروں میں بھی رمضان المبارک میں اشیائے خوردو نوش کی کم قیمت پر فروخت کا بندوبست کر دیںتو صوبے کے کروڑوں عوام کیلئے ماہ رمضان آسودگی کا باعث بن جائیگا۔ بے شک منافع خور تاجر اور دکاندار اس ماہ مقدس میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے سے باز نہیں آتے۔ اگر موقع پر انہیں بھاری جرمانہ اور سزا دینے کا سلسلہ شروع کیا جائے تو اس سے بھی سرکاری نرخوں پر اشیاءکی فراہمی ممکن ہو سکتی ہے۔اس ماہ مبارک میں منافع خور مافیا اور مہنگائی کے جن کو قابو میں رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جس کیلئے انتظامی مشینری کو ہمہ وقت متحرک رکھنا ضروری ہے، خاص طور پر سبزیوں کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ابھی رمضان آنے سے قبل ہی سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں ہیں۔ اسکی سختی سے روک تھام ضروری ہے۔