پریم یونین ڈی ایس راولپنڈی کی مبینہ کرپشن کیخلاف نیب میں کیس دائر کریگی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) ڈی ایس ریلوے راولپنڈی کو ریلوے انجنوں کی خریداری میں مکینیکل سینئر آفیسر کو نظر انداز کرکے گریڈ18کے جونیئر افسر کو امریکہ بھیجنے پر عبدالمالک کا نام ای سی ایل میں ڈالاجائے پریم یونین( سی بی اے) ڈی ایس راولپنڈی کی مبینہ کرپشن کے خلاف نیب میں کیس دائر کرے گی۔یہ الزامات پریم یونین( سی بی اے) راولپنڈی ڈویثرنل کے صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے لوکو شیڈ اور سی ڈی ایل ورکشاپ میں مزدروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لگائے۔ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے وزارت کے دور میں ریلوے کے ایماندار افسران کا چنائو کیا، مزدوروں اور ان کی دن رات محنت کی وجہ سے ریلوے کی آمدن50ارب روپے تک پہنچائی لیکن یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ ریلوے میں مبینہ طور پر جونیئر کرپٹ چاپلوس افسران کو اہم عہدوں پر کیوں تعینات کیا گیا۔ سابق ڈی ایس منور خان کے وقت راولپنڈی ڈویثرن نے ریکارڈ ریونیو کمایا اور کرپشن کو صفر تک پہنچایا ۔انہوںنے الزام عائد کیا کہ ڈی ایس راولپنڈی عبدالمالک کے آتے ہی راولپنڈی ڈویثرن میں کرپشن کا دور شروع ہو گیا ۔ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ ترنول ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن اور گولڑہ ریلوے اسٹیشن کی دیواروں اور راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کی دیواروں کے ٹھیکوں میں کی جانے والی کرپشن کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے اور وہ افسران جو انجنوںکی خریداری میں ملوث ہیں ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ فرار ہونے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ پریم یونین سی بی اے ڈی ایس راولپنڈی کی کرپشن کے خلاف نیب میں کیس دائر کرے گی۔