حکومت ہمارا بجٹ دو کروڑ روپے کرے، ریسلنگ فیڈریشن کامطالبہ
لاہور(نمائندہ ا سپورٹس) پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ارشد ستار کا کہنا ہے کہ حکومت ہمارا سالانہ بجٹ دو کروڑ روپے کرے تاکہ پہلوانوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے رکاوٹ اور پریشانی کے بغیر تیاری کروائی جا سکے۔ ملک میں ریسلنگ کا بیپناہ ٹیلنٹ موجود ہے قیام پاکستان سے ابتک پہلوانوں نے ہر سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے میڈلز جیتے ہیں گولڈ کوسٹ میں ہونیوالی کامن ویلتھ گیمز میں بھی پہلوانوں نے سبز ہلالی پرچم سربلند رکھا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ ہمارے ساتھ کیمپ کے لیے تعاون ضرور کرتا ہے لیکن حکومتی گرانٹ سے عالمی سطح کے مقابلوں میں میڈلز حاصل کرنا ممکن نہیں۔ ہماری کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور فنڈز کو بڑھایا جائے۔ ہم نے کامن ویلتھ گیمز کو ہدف بنا کر تیاری کی تھی اپنے پہلوانوں پر فخر ہے۔ ہم اپنی سطح پر رہ کر جو ممکن ہو کرتے ہیں لیکن ایک حد کے بعد ہمارے بس میں بھی کچھ نہیں ہوتا۔ جونئیر لیول پر بھی پوری توجہ ہے مستقبل میں بھی قوم کو خوشیاں دیں گے۔ ریسلنگ کے لیے الگ ٹریننگ ہالز کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے۔ ٹریننگ ہالز کے قیام سے ریسلرز تیاری زیادہ توجہ و یکسوئی سے کر سکتے ہیں۔ حکومت اس طرف توجہ دے تو ریسلنگ میں کامیابیوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔