تیل دار اجناس کی پیداوار بڑھا کر درآمدات میں کمی کی جا سکتی ہے:احمد جواد
اسلام آباد (اے پی پی)ہارویسٹ ٹریڈنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد جواد نے کہا کہ تیل دار اجناس کی پیداوار میں اضافہ کے ذریعے درآمدات میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے ۔ کھانے کے تیل کی طلب میں ہونے والے مسلسل اضافہ کے باوجود ملک میں تیل دار اجناس کی پیداوار انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے ہمیں درآمدات پر انحصار کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک میں تیل دار اجناس کی پیداوار کا تخمینہ 5.8ملین میٹرک ٹن ہے جو گذشتہ سال کے مقابلہ میں 8فیصد زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس ملک میں تیل دار اجناس کی پیداوار ملکی ضروریات سے 27فیصد کم تھی جس کو پورا کرنے کیلئے خوردنی تیل درآمد کرنا پڑتا ہے۔ احمد جواد نے کہا کہ رواں سال خوردنی تیل کی کھپت کا تخمینہ 3.7ملین میٹرک ٹن ہے جو گذشتہ برس سے 6فیصد زائد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کے فقدان ، آبپاشی کے مسائل ، زرعی مدافلات کے مسائل ،کھانے کے فقدان ، فصل کی برداشت اور ہارویسٹنگ کے مسائل کی وجہ سے ملک میں تیل دار اجناس کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے جبکہ مارکیٹنگ کی سہولیات کی کمی اور کاشتکاروں کی کم علمی بھی پیداوار میں کمی کا سبب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں روایتی اور غیر روایتی تیل دار اجناس کی کاشتکاری کی جا رہی ہے ا ور ہم جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے دور ہونے کی وجہ سے درآمدات پر انحصار کر رہے ہیں۔ احمد جواد نے بتایا کہ تیل دار اجناس کی پیداوار بڑھا کر درآمدی بل میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے جبکہ تیل دار اجناس کی امدادی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعے کاشتکاروں کو ان کی کاشت پر راغب کیا جا سکتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں احمد جواد نے اے پی پی کو بتایا کہ درآمدی بل میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے گا جس سے ملکی معیشت پر انتہائی اچھے اثرات مرتب ہونگے ۔