الیکشن کوریج: 101 غیر ملکی صحافیوں، یورپی یونین کے 52 مبصرین کو ویزے جاری
اسلام آباد ( آئی این پی) عام انتخابات کی کوریج کیلئے عالمی میڈیا کے 101 صحافیوں اور یورپی یونین کے 52 مبصرین کو ویزے جاری کردیئے گئے، امریکہ سمیت دیگرممالک کے 56 مبصرین کی ویزہ درخواستیں کلیئرنس کے لئے سکیورٹی اداروں کو بھجوائی گئی ہیں۔ سکیورٹی وجوہات کے باعث بلوچستان اور فاٹا کو غیرملکیوں کے لئے ممنوعہ علاقہ قرار دیدیا گیا، اتوار کو ذرائع کے مطابق الیکشن کی کوریج کیلئے وزارت اطلاعات ونشریات کی سفارش پر 101 غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو ویزے جاری کئے گئے ہیں یہ ویزے بیرون ملک موجود پاکستانی سفارتخانوں سے جاری ہوئے ہیں جن ممالک کے صحافی کوریج کیلئے آئیں گے ان میں امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، چین، جاپان، ایران، ترکی، سعودی عرب، یو اے ای، قطر سمیت دیگر ممالک شامل ہیں، وزارت خارجہ کی سفارش پر یورپی یونین کے 52 مبصرین کو ویزے دیئے گئے ہیں جبکہ 56 مبصرین کی درخواستوں کوسکیورٹی کلیئرنس کے لئے ارسال کیا گیا ہے، ان میں امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک کے مبصرین شامل ہیں۔ اس مقصد کےلئے ایئر پورٹس پر خصوصی ویزہ کاﺅنٹرز بنائے گئے ہیں۔