وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم کی ملاقات ہوئی جس میں سلمان نعیم نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔عثمان بزدار نے کہا کہ 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج ہر ضلع کی یکساں ترقی کا آئینہ دار ہے۔ تاریخ میں پہلی بار منتخب نمائندوں کی مشاورت اور اضلاع کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبے شروع کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے ہر پسماندہ ضلع کو نظر انداز کیا۔ عوامی منصوبوں میں لوٹ مار قصہ پارینہ بن چکی ہے، ایک بار پھر شہروں اور تحصیلوں کے وزٹ کا آغاز کردیا ہے۔ جلد ملتان کا تفصیلی دورہ کروں گا۔ اپنے ادوار میں نمودو نمائش کرنے والوں نے عوام کی ترجیحات کا تعین کیے بغیر منصوبوں پر قوم کا پیسہ ضائع کیا۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے عوام کی حقیقی ضروریات کو پشِ پست ڈالے رکھا۔ ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے، اب ذاتی نمائش نہیں بلکہ صرف کام ہوتا ہے اور ہم عمل کرکے دکھاتے ہیں۔ آج تک کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کی اور نہ ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت نے رولز آف بزنس منظور کر کے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے محکموں کو بااختیار بنایا ہے۔ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی لحاظ سے خود مختاردی ہے۔جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا۔عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکومتوں نے جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے نعرے تو لگائے ۔لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔جنوبی پنجاب کی عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔ جنوبی پنجاب ترقی کے سفر میں شامل ہوچکا ہے۔