کھیل ،سیاست اور سازشیں
نیوزی لینڈ کوئی بہت بڑا ملک نہیں ہے اتنا مضبوط بھی نہیں کہ ویسٹرن مائنڈ سیٹ کا حصہ بن کر پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کا خاتمہ کر دے۔مگر نیوزی لینڈ ویسٹرن مائنڈ سیٹ کیلئے استعمال ضرور ہوا ہے۔ ویسٹرن مائنڈ سیٹ ایک عرصہ سے پاکستان کیخلاف کارفرما ہے۔ ایک دور میں پاکستان نے امریکہ کے ساتھF-16 طیاروںکی خریداری کا معاہدہ کیا معاہدے کے مطابق جہازوں کی پوری ادائیگی کر دی گئی اسکے بعد امریکہ نے پاکستان کو طیارے دینے سے انکار کر دیا۔ پاکستان نے دبائو ڈالا تو کہا گیا کہ ان پیسوں کے بدلے پاکستان امریکہ سے گندم لے لے۔ پاکستان کیلئے یہ کیسے ممکن تھا کہ ان پیسوں کی پاکستان گندم خرید لیتا جو فائٹر جہازوں کی فراہمی کیلئے ادا کیے گئے تھے۔ اسکے بعد امریکہ کے ساتھ تعلقات کچھ تھوڑے سے بہتر ہوئے تو پاکستان کو امریکہ نے جہازوں تو دے دیئے مگر ’’میگنیاں ‘‘ڈال کر۔ یہ سارا کچھ ویسٹرن مائنڈ سیٹ کو ظاہر کرتا ہے پاکستان کو جو جہاز دیئے گئے ان میں کئی سسٹم نصب نہیں تھے۔ ایک دور میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے دوران فرانس کے ساتھ پاکستان نے ایٹمی پلانٹ کا معاہدہ کیا فرانس نے پاکستان کو ایٹمی پلانٹ فراہم کرنا تھا لیکن فرانس بھی ایک موقعے پر اپنے معاہدے سے مُکر کیا اور پاکستان کو ایٹمی پلانٹ فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ اب آجائیں ذرا موجودہ دور کی طرف اس دور میں بھی ہمیں ویسٹر ن مائنڈ سیٹ نظر آتا ہے وہ برطانیہ کی صورت میں۔ کچھ عرصہ قبل برطانیہ نے کئی ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا،اس میں پاکستان بھی تھا۔ ریڈ لسٹ میں شامل کرتے ہوئے یہ کہا گیا کہ ان ممالک میں انڈیا ورژن کا کورونا ہے۔ پاکستان میں آج بھی ایک بھی مریض اس ورژن کے کورونا میں مبتلا ثابت نہیں ہوا ،گو کہ برطانیہ کی طرف سے چند روز قبل پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے مگر برطانیہ کا پاکستان کے بارے میں وہ مائنڈ سیٹ سامنے آ گیا ہے جس کو ہم ویسٹرن مائنڈ سیٹ کہتے ہیں یا اس کو مغربی ذہنیت کہا جاتا ہے۔ بھارت بھی اسی ذہنیت یا مائنڈ سیٹ میں شامل ہے۔ اسرائیل بھی کچھ پیچھے نہیں ہے۔اب ذرا افغانستان کی صورتحال پر غور کریں وہاں سے امریکہ کو بیس سالہ جنگ کے بعد رسوا ہو کر نکلنا پڑا امریکہ کے ساتھ دو درجن نیٹو ممالک بھی تھے بھارت افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کررہا تھا اسکے افغانستان میں درجنوں کونسل خانے تھے اسے بھی افغانستان سے راہ فرار اختیار کرنا پڑی ۔بھارت برطانیہ امریکہ اور اسکے دیگر اتحادی افغانستان میں اپنی شکست اور ہزیمت کی وجہ سے پاکستان کو قرار دیتے ہیں انکی طرف سے پاکستان سے بدلہ لینے کیلئے نیوزی لینڈ کو استعمال کیا گیا ہے ان سب کی طرف سے پاکستان کیخلاف جال بنا گیا یا جب ہم ویسٹرن مائنڈ سیٹ کی بات کرتے ہیں تو دنیا کے کسی بھی کونے میں دہشتگردی ہو اس میں کوئی مسلمان ملوث تو اسے جہادی کہا جاتا ہے۔ اسے جنون پسند مسلم ذہنیت کا پیروکار قرار دے دیا جاتا ہے اور مسلم ممالک سے توقع کی جاتی ہے کہ مسلم ریاستوں میں لبرل اسلام کاپرچار کرے اور اسی مقصد کیلئے پاکستان اور دیگر اسلامی ممالک کے کئی سکولوں اور کالجوں میں لبرل نظام تعلیم متعارف کروایا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کس دبائو میں آیا کس سازش کا شکار ہوا ،جو بھی ہوا اسکے کمزور ملک ہونے کی وجہ سے ہوا۔یہ وہی نیوزی لینڈ ہے جب ایک دہشت گرد جنونی نے مسجد پر حملہ کرکے 60 مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا وہ اس موقع پر بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں موجود تھی جس نے نہ دورہ منسوخ کیا نہ کوئی میچ۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے محض سیکورٹی تھریٹ کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخ کر دی گئی نیوزی لینڈ نے یہ سارا کچھ مجبور ہوکر کیا یا کوئی بھی وجہ رہی ہو اسکی طرف سے یہ بدترین پاکستان دشمنی پر مبنی اقدام ہے۔ نیوزی لینڈ نے جو بہانہ بنایا ہے برطانیہ اسی کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان آنے سے انکار کر سکتا ہے۔جوصورتحال نیوزی لینڈ کی طرف سے سیریز منسوخ ہونے کے بعد سامنے آئی ہے وہ ہماری مایہ ناز انٹیلی جنس ایجنسی I S I کیلئے چیلنج رکھتی ہے۔قارئین میںایک پاکستانی ہونے کے ناطے اس موقع پر اپنے جذبات کو قابو میں رکھ کر یہ سوچتا ہوں کہ نیوزی لینڈ کو یہ کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ ریاست کی عزت و وقار کی دھجیاں بکھیرے۔
ہماری قابل فخر خفیہ ایجنسیوں کو اس چیز کو چیلنج سمجھ کر قبول کرنا ہوگا۔ اور اس بات کو ممکن بنا نا ہوگا کہ اگر ہمارے کھیل کے میدان انڈیا نے ویران کیے ہیں تو پھر بھارت کے کھیلوں کے میدان آباد نہیں رہنے چاہئیں۔ہم بچپن سے سنتے آ رہے ہیں کہ محبت اور جنگ میں سب جائز ہوتا ہے ۔اگر ہمارا واسطہ ایک مکار دشمن سے پڑا گیا ہے تو ہمیں اپنے حواس قابو میں رکھ کر اسرائیل، بھارت اور ان کے اتحادیوں کی راتوں کی نیند حرام کرنا ہوں گی۔وگرنہ امن کی آشاکا ڈھنڈورا پیٹتے پیٹتے کہیں ہم اپنی پہچان ہی نہ کھو دیں؟