7 سالہ عروج کے قاتلوں کا سراغ نہ مل سکا‘ ورثا سراپا احتجاج
ملتان (سپیشل رپورٹر) تھانہ شاہ شمس کے علاقے میں 7 سالہ کمسن بچی عروج فاطمہ کا مبینہ طور پر زیادتی، اغواء اور قتل کا معاملہ، وسیع پیمانے پر تفتیش کے باوجود ملزمان کا سراغ نہ لگایا جاسکا۔ 16 روز گزر جانے کے باوجود بچی کے اغواء کاروں اور قاتلوں کا پتہ نہ چلنے پر والدین سراپا احتجاج ہیں۔ مقتولہ بچی کے والد قیصر عباس اور والدہ شکیلا بی بی نے وزیر اعل پنجاب سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ والدین نے ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بچی کی پوسٹمارٹم رپورٹ دکھائی گئی نہ ابھی تک ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔فوری طور پر ہماری معصوم بچی کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ یاد رہے کہ دو ہفتے قبل ملتان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ کمسن بچی کی گھر سے پانچ روز غائب رہنے کے بعد چھٹے روز شاہ شمس کے علاقے میں کھیتوں سے نعش برآمد ہوئی تھی۔