کراچی: بس میں سلنڈر دھماکا، نوجوان جاں بحق، بس تباہ
کراچی (نیوز رپورٹر)کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں گیس سلنڈر کے دھماکے سے ایک بس بری طرح تباہ ہوگئی۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثاتی طور پر یہ واقعہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں سنگر چورنگی کے قریب ایک پٹرول پمپ پر پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پٹرول پمپ پر بس میں نصب سلنڈر میں گیس بھری جا رہی تھی کہ سلنڈر ایک دھماکے سے پھٹ گیا۔33 سالہ رمیض اس واقعہ میں شدید زخمی ہوا جس کی دونوں ٹانگیں جسم سے جدا ہو گئیں۔ زخمی کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں بس کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، قریب کھڑی کوسٹر کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ تاہم دھماکے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے جبکہ بس کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس بس میں سلنڈر پھٹنے کے واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔