ملک میں فوری اسلامی سزائیں نافذ کی جائیں، علامہ زبیر ظہیر
لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیرنے ملک میں فوری اسلامی سزائوں کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ موٹر وے کے بعد بھی پنجاب میں مزید زیادتی کے واقعات ہوئے رہے ہیں مگر حکمران ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں 'حکمرانوں کو اب دعوئوں اور وعدوں سے آگے بڑھ کر اپنی ذمہ داری پوری کر نا ہوگی 'زیادتی کے واقعات میں ملوث درندے دہشت گرد ہیں وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوسکتے۔ اتوارکے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سر براہ علامہ زبیر احمد ظہیرنے کہا کہ سانحہ موٹر وے کے مر کزی ملزم کی عدم گرفتاری حکومت اور متعلقہ اداروں کی نااہلی کا ثبوت ہے پاکستان میں جب بھی زیادتی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو حکمران بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں مگر وقت کے ساتھ ساتھ حکمران سارے معاملات کو بھول جاتے ہیں اور ملزمان کسی نہ کسی طر یقے سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ ملک میں اسلامی سزائوں کے نفاذ کے لئے قانون سازی سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے کیونکہ جب تک اسلامی سزائوں کا نفاذ نہیں ہوگا اس وقت تک ایسے ملزموں کو عبر تناک سزا ملے گی اور نہ ہی ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ اسلامی سزائوں کے نفاذ کو جلدازجلد یقینی بنا جائے۔