حوثی باغیوں کا سعودی شہر جازان پر میزائل حملہ، 5افراد زخمی، 3گاڑیاں تباہ
صنعاء (نیٹ نیوز) یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی علاقے پر گولے اور میزائل داغے جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی اور 3 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کے علاقے الحرث پر گولہ باری کی۔ یہ گولے رہائشی عمارتوں اور ان میں کھڑی گاڑیوں پر گرے جس کے نتیجے میں 3 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ادھر جازان کے محکمہ شہری دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ بروقت کارروائی کرکے بڑے نقصان سے بچا لیا گیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور علاقہ مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ دوسری جانب حوثی باغیوں کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر حملے میں 3 ہلاکتوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ گولہ باری اتحادی فوج کی چوکی پر کی گئی۔ شہری علاقے پر گولہ باری کے سعودی الزام کو مسترد کرتے ہیں۔