بدین: بھارت منتقل ہونیوالے 11 افراد کے قتل پر اقلیتی برادری کا مظاہرہ
بدین (این این آئی) پاکستان سے نقل مکانی کر کے جانے والے 11 افراد کے بھارت میں قتل کے خلاف بدین میں اقلیتی برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتی خفیہ ایجنسی را اور انتہا پسند ہندو تنظیم پر قتل کا الزام عائدکیا۔ قتل کے خلاف آل ہندو پنچائت کی جانب سے منجی کاریو ویرو مل لوہار منجی لال اور دیگر کی قیادت میں ہندو برادری کے افراد نے بدین پریس کلب کے سامنے بھارتی خفیہ ایجنسی را اور ہندو انتہا اور تشدد پسند تنظیموں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے مودی سرکار بھارتی خفیہ ایجنسی را اور ہندو تشدد پسند جماعتوں پر قتل عام کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرکار قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی حکومت کی جانب سے بھارت اور عالمی اداروں کے سامنے مسئلہ اٹھائے جانے کے باوجود ابھی تک قاتلوں کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ مظاہرین نے اس موقع پر مودی سرکار بھارتی خفیہ ایجنسی را کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر قاتل گرفتار نہیں ہوتے تو ہم اسلام آباد میں بھارتی سفار خانہ کے سامنے مظاہرہ کریں گے۔