راولپنڈی کی احتساب عدالت نے سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کو 2 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم لیاقت قائم خانی کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی ۔عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتےہوئے ملزم لیاقت کو احتساب عدالت اسلام آباد میں 23 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ جعلی اکاونٹس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے کراچی میں گھر پر چھاپہ مارا جس میں کروڑوں روپے مالیت کے ساز و سامان کی دستاویزات برآمد ہوئیں۔چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی 8 لگژری گاڑیوں میں مرسیڈیز اور لینڈ کروزر بھی شامل جبکہ جدید اسلحے کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی، اس کے ساتھ ساتھ سونا، قیمتی زیورات اور کراچی اور لاہور کے بنگلوز کی دستاویزات بھی سامنے آئی ہیں۔ان کے گھر سے 4 بائی 6 فٹ کے دو بڑے لاکرز بھی پکڑے گئے تھے، سابق ڈی جی پارکس کے ذاتی سامان میں سے سونے کے بٹن اور کف لنکس بھی برآمد ہوئے تھے۔ملزم لیاقت قائم خانی کو باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، ان پر بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دینے اور کلفٹن کے ایک پارک کا بڑا پلاٹ غیر قانونی الاٹ کرنے کا الزام تھا۔نیب کے مطابق سابق ڈی جی پارکس کا گھر انتہائی پرتعیش اور عالی شان ہے جو ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتا، گھر کے دروازے ریموٹ کنٹرول سے کھلتے ہیں اور گھر کے اندر باتھ روم 2 مرلے پرمحیط ہے.
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024