سی پیک قومی معیشت کو فروغ دینے، غربت کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا،خسروبختیار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سی پیک موجودہ مرحلہ پاکستانی عوام کے لیے معاشی فوائد لے کر آئے گا ، سی پیک اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس میں غربت کے خاتمے ، زراعت اور صنعتی تعاون پر توجہ دی جائے گی۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے بروز جمعہ چین کے سفیر یاو جنگ سے ملاقات کی ، ملاقات میں ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان ، سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور وزارت کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک قومی معیشت کو مزید فروغ دینے اور غربت کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آتے ہی سی پیک منصوبوں کی رفتار تیز ہو گئی ہے۔ ملاقات میں مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جو سی پیک میں شامل کیے جائیں گے جن میں پیٹرو کیمیکل پلانٹ ، ڈیمز، ریفائنری اور گیس پائپ لائن کے منصوبے شامل ہیں۔ملاقات کے دوران سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کے معاملات بشمول نومبر کے مہینے میں ہونے والی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس بھی زیر بحث آئے۔ چینی سفیر یاؤ جِنگ نے سی پیک منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔