عمران نے ایل او سی جانیوالوں کے غدار ہونے کا بیان ٹرمپ، مودی کو خوش کرنے کیلئے دیا: سراج الحق
سرگودھا (نامہ نگار+ صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اس ٹرمپ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں جو ہم سے ثالثی کے وعدے کرتا اور کشمیر کو بھارت کا اندرونی مسئلہ قرار دیتا ہے۔ ایسے جلاد کے ہاتھ میں 80لاکھ کشمیری مسلمانوں کی قسمت کا فیصلہ دینا اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔ وزیر اعظم امریکہ جانے سے پہلے قومی قیادت کو اعتماد میں لیتے تو ہم ایئر پورٹ تک چھوڑنے جاتے۔ حکمرانوں نے ہمیشہ قوم کو شرمندہ کیا۔ مسلمانوں کے قاتل واجپائی، راجیوگاندھی اور مودی کیلئے ریڈ کارپٹ بچھاتے رہے۔ آج بھی مودی کشمیر یوں کا قتل عام کررہا ہے اور مسلم حکمران اسے ہار پہنا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ایل او سی کی طرف جانے والے کو غدار اور ملک دشمن ہونے کا بیان ٹرمپ اور مودی کو خوش کرنے کیلئے دیا۔ وزیر اعظم اگر واپسی پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو ساتھ نہ لاسکیں تو پھر انہیں بھی واپس نہیں آنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں یکجہتی کشمیر مارچ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ کشمیر مارچ سے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کشمیر مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کی بھی بہت بڑی تعداد مارچ میں شریک تھی۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس بیان سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو اچھا پیغام نہیں ملا۔ ہم وزیر اعظم کے اس موقف کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے حکمران 47دنوں سے تقریریں کررہے ہیں، کشمیر میں قتل عام جاری ہے، لوگ خوراک اورادویات نہ ملنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن رہے ہیں، بستیاں برباد اور قبرستان آباد ہورہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں استحصالی نظام ہے، سودی معیشت اور قرضوں کی بیڑیاں ہیں، بجلی پٹرول گیس ہے نہ روزگار اور کاروبار ہے۔ حکومت کے تمام وعدے جھوٹے نکلے ۔ ان حکمرانوں کی موجودگی میں ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ حکمران مصیبت بن کر قوم پر مسلط ہوگئے ہیں۔