سرینگر سے اٹھنے والے شعلے پورے بھارت کو برباد کر دینگے: صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بھارتی اقدام کی مخالفت کی جا رہی ہے، ہندوستان کا کشمیر سے متعلق بیانیہ مسترد کر دیا گیا۔ سری نگر سے اٹھنے والے شعلے پورے بھارت کو برباد کر دیں گے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا قبرستان بنے گا۔ اسلام آباد میں کشمیر یکجہتی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیریوں سے ان کا آئین اور جھنڈا چھین لیا، کشمیر میں لوگوں کو محصور کر دیا گیا، ہزاروں گرفتار ہیں۔ کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں، کشمیریوں سے کہا جا رہا ہے یہ وطن اب تمہارا نہیں ہے، اس آگ میں بھارت خود جل کر راکھ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بھارتی اقدام کی مخالفت کی جا رہی ہے، بھارت پر تجارتی پابندیاں لگانے کی باتیں ہو رہی ہیں، مودی کا بیانیہ مسترد کر دیا گیا۔ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت پر چین، ترکی اور ایران سمیت دیگر ممالک کے شکر گزار ہیں۔ مسعود خان کا کہنا تھا کہ جنگ کا آغاز بھار نے کیا‘ خاتمہ ہم کریں گے۔ ہمارا جوابی حملہ ہوا تو بھارتی فورسز اپنی وردیاں چھوڑ کر بھاگ جائیں گی۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیر کاز کیلئے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ فخر ہے قوم کا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ آزادی کشمیر کی جدوجہد کوئی ٹونٹی ٹونٹی میچ نہیں۔ کسی بھی بین الاقوامی تنظیم اور میڈیا کو مقبوضہ کشمیر تک رسائی نہیں۔ مقبوضہ کشمیر دنیا کی بڑی جیل بن چکا ہے۔ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کشمیر کے بچوں کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں۔ وہ کشمیریوں کے وکیل‘ سفیر اور ترجمان بن کر ہر بین الاقوامی طاقت کا دروازہ کھٹکھٹا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت سے بھی مسئلہ کشمیر پر بات کی۔