’’ماحول بہتر بنایا، گلوبل وارمنگ روکی جائے‘‘ پاکستان سمیت 150 ممالک میں مظاہرے، ریلیاں
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ انٹرنیشنل ڈیسک) ماحولیات کی بہتری کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہڑتال اور مظاہرے کئے گئے۔ اس سلسلے میں 150 ممالک میں احتجاج کیا گیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ آسٹریلیا میں مظاہرین کی تعداد 3لاکھ سے زیادہ رہی۔ مظاہرین نے دنیا کو آلودگی سے بچانے کا مطالبہ کیا۔ مختلف ممالک میں ماحولیاتی ورکشاپ اور سیمینارز کئے گئے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں پر عالمی احتجاج میں پاکستان بھی شامل ہوا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور میں احتجاجی مارچ کیا گیا۔ اسلام آباد میں طلباء اور سول سوسائٹی نے کلائمیٹ مارچ کیا۔ لاہور میں ڈبلیو ڈبلیو ایف، سول سوسائٹی اور طلباء نے مظاہرہ کیا۔ کراچی میں احتجاجی مارح کیا گیا اور مظاہرین نے میٹروپول ہوٹل میں علامتی دھرنا دیا گیا۔ پشاور میں یونیورسٹی طلباء اور اساتذہ نے آگاہی واک کی۔ جھنگ، گھوٹکی، مردان اور فیصل آباد میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ اپنے خاندان اور اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں تو انہیں ماحولیات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا ضرور معلوم ہونا چاہئے۔ سینیٹر شیری رحمن سمیت معروف شخصیت اور سیاسی رہنما بھی مارچ میں شامل تھے اور انہوں نے کلائمیٹ مارچ میں عوام سے شرکت کا مطالبہ کیا تھا۔ ماحولیاتی تبدیلی روکنے سے متعلق فوری اقدامات کئے جائیں۔پوری دنیا اور پاکستان بھر میں شہریوں کی جانب سے کلائمیٹ ایکشن نائو کے زیر انتظام مارچ کئے گئے۔ پاکستان کے 26 سے زائد شہریوں اور علاقوں میں مارچ کئے گئے جن میں مردان میٹھی ٹھٹہ قصور کوٹلی چاغی، قلعہ عبداللہ پشاور چترال گگت وغیرہ بھی شامل ہیں مارچ کے منتظمین کے مطابق فیصل آباد پشاور گھوٹکی اور مردان میں مظاہرے کئے گئے۔ بھارت فلپائن آسٹریلیا تھائی لینڈ جرمنی میں ریلیاں نکالی گئیں۔