غزہ : اسرائیلی جارحیت جاری، 24گھنٹے میں مزید 4فلسطینی شہید، 46زخمی
مقبوضہ غزہ (این این آئی)قابض صہیونی فوج نے فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 4 فلسطینیوں کو بے رحمی کے ساتھ شہید کر دیا۔ شہداء کا تعلق غزہ، غرب اردن اور بیت المقدس سے ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق دو فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی میں جنگی طیاروں کے ذریعے بم باری کرکے شہید کیا گیا۔ دو فلسطینیوں کو شمالی غزہ میں ایک ریلی کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا گیا۔ ہلال احمر تنظیم کے کارکنوں نے القرارہ کے مقام سے دو فلسطینی شہداء کے جسد خاکی ہسپتال منتقل کیے۔ انہیں بمباری کرکے شہید کیا گیا تھا۔ بمباری کے نتیجے میں دونوں شہداء کے جسد خاکی ناقابل شناخت ہوگئے۔ ان میں 18 سالہ ناجی جمیل ابو عاصی اور اس کے کزن 21 سالہ علاء زیاد ابو عاصی شامل ہیں۔ دو فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج نے غزہ کی شمالی سرحد پر ایک ریلی میں شرکت کے دوران گولیاں مار کر شہید کیا۔ قابض فوج نے فائرنگ سے 46 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل حانیہ نے کہا ہے غزہ کی ناکہ بندی کے مکمل خاتمہ تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا، تحریک حق واپسی کے احتجاج کا اصل مقصد غزہ کی پٹی مسلط کر دہ پابندیوں کا خاتمہ ہے، اہداف کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔